اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر اہتمام میڈیا کانفرنس

13 Mar, 2022 3,356 Views Download


میڈیا مثبت سرگرمیوں کو فروغ دے کر معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ (جاوید اقبال)
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر اہتمام ایک میڈیا کانفرنس کویت کانٹیننٹل ہوٹل میں منعقد کی گئی ۔ جس میں کویت میں موجود تمام پاکستانی میڈیا گروپس نے شرکت کی۔
کویت میں موجود تقریبا 15 کے قریب میڈیا گروپس اس کنونشن میں شریک تھے۔



کنونشن کی تقریب کا آغاز آئی ای سی کی روایات کے مطابق تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت جناب مولانا ملک ارشاد صاحب نے حاصل کی۔
اس کے بعد اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے شعبہ میڈیا کے ناظم جناب محمود خان صاحب نے مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اس کنونشن کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔
اس کے بعد آئی ای سی کویت کے شعبہ تعلقات عامہ کے ناظم جناب صدف علی صدف نے حاضرین کے سامنے آئی ای سی اور اس کے تمام شعبوں کی سال بھر کی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک پریزینٹیشن پیش کی جس میں آئی سی کے مستقل اور جز وقتی بنیادوں پر تعلیمی اور رفاعی کاموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔
اس کے بعد صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جناب جاوید اقبال صاحب نے حاضرین اور میڈیا نمائیندوں سے خطاب کیا۔
جاوید اقبال صاحب نے میڈیا اور سوشل میڈیا کی اہمیت اور افادیت اور اس کے منفی استعمال سے ہونے والے معاشی اور معاشرتی نقصانات پر تفصیلا روشنی ڈالی۔
جناب جاوید اقبال صاحب نے میڈیا نمائیندوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہم جو کام کر رہے ہیں وہ آپ کے سامنے ہے اور ہم یہ کام اللہ کی رضا اور اس کی مخلوق کو آسانیاں پہنچانے کے لیے کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آپ (میڈیا) معاشرے کا چہرہ بھی ہوتے ہیں اور کان اور آنکھ بھی ہوتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ آپ اس چہرے اور کان اور آنکھ کا مثبت استعمال کرتے ہوے معاشرے سے برائی کو دور کرنے اور اللہ کے دین اور اللہ کے نظام کو عوام الناس تک پہنچانے میں ہمارے دست و بازو بنیں۔
انہوں نے کہا کہ خبر دینا پیشہ پیغمبری ہے اور صحیح اور حق و سچ پر مبنی خبر دینا اللہ سے وفاداری کے مترادف ہے، اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ ہم جو کام اللہ کی خوشنودی کے لیے کر رہے ہیں آپ اس میں ہمارا ساتھ دیکر اس کام میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کوئی رضاکار کسی قسم کی اجرت یا معاوضہ نہیں لیتا بلکہ نہ صرف مفت خدمت خلق کرتے ہیں بلکہ اپنی جیب سے خرچ کر کے بہت سے فلاحی کام کرتے ہیں۔
کنونشن میں موجود تمام حاضرین اور میڈیا نمائندگان نے آئی ای سی کویت کی عوامی خدمت اور تعلیمی کام کا اعتراف کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا اور تمام میڈیا نمائندگان نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کو ہر وقت اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
آخر میں حاضرین کے لیے پرتکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔
رپورٹ: آئی ای سی میڈیا سیل

Was this news helpful?

950 people liked this

Comments