کویت میں حاجی محمد ندیم اور ڈاکٹر شجاع الدین کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد

13 Jun, 2026 45 Views Download


کویت میں حاجی محمد ندیم اور ڈاکٹر شجاع الدین کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کویت میں انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے عہدیداران اور دوست احباب کی جانب سے ایک پروقار تقریبِ استقبال و مبارکباد کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا مقصد معروف کاروباری و سماجی شخصیت حاجی محمد ندیم (کویت مال پاکستان) کو فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد خوش آمدید کہنا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنا تھا۔ اسی موقع پر سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز کویت (SPDK) کے صدر اور ممتاز معالج ڈاکٹر شجاع الدین محمد کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے ان کی نمایاں طبی، سماجی اور فلاحی خدمات کے اعتراف میں تمغۂ امتیاز عطا کیے جانے پر مبارکباد اور خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی متعدد ممتاز شخصیات، سماجی کارکنان اور دوست احباب نے شرکت کی۔


 اس موقع پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارت خانہ پاکستان، جناب حمزہ توقیر صاحب اور ہیڈ آف پاسپورٹ سیکشن، جناب عثمان نواز صاحب بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں حاجی محمد ندیم کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کا حج مبرور قبول فرمائے اور انہیں مزید کامیابیوں، عزت اور برکتوں سے نوازے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ حاجی محمد ندیم کی سماجی خدمات اور کمیونٹی کے لیے کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔


 بعد ازاں مقررین نے ڈاکٹر شجاع الدین محمد کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمغۂ امتیاز کا حصول نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔ شرکاء نے طب، انسانیت کی خدمت اور کمیونٹی ویلفیئر کے شعبوں میں ان کی بے لوث خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کا اہتمام انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے عہدیداران کی جانب سے کیا گیا، اس موقع پر ڈاکٹر شجاع الدین محمد کو ان کی شاندار خدمات اور قومی اعزاز کے حصول پر ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جہاں خوشگوار ماحول میں باہمی ملاقات، تبادلۂ خیال اور مبارکباد کا سلسلہ جاری رہا۔


شرکاء نے اجتماعی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حاجی محمد ندیم صاحب کا حج قبول فرمائے اور ڈاکٹر شجاع الدین محمد صاحب کو انسانیت، طب اور کمیونٹی کی مزید خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ 


Photo Album: https://www.facebook.com/media/set/?vanity=PakistanisInKuwait&set=a.1563932392010333

Was this news helpful?

0 people liked this

Comments